خیبر پختونخوا میں عام انتخابات: گورنر کےپی اور ای سی پی حکام کے درمیان مذاکرات بےنتیجہ ختم
آئندہ ہفتہ گورنر کےپی حاجی غلام علی خان اور الیکشن کمیشن کے حکام کے درمیان اسلام آباد میں حتمی مشاورت کیلئے ملاقات ہوگی۔
خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کے انعقاد کا معاملہ ، الیکشن کمیشن حکام کی گورنر ہاوس آمد، گورنرحاجی غلام علی اور الیکشن کمیشن کے حکام نے صوبے میں عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے سے متعلق ایک اہم مشاورتی اجلاس کیا۔
دو گھنٹے طویل مشاورتی اجلاس خوشگوار ماحول میں منعقد ہوا، عام انتخابات کیلئے تاریخ کے حوالے سے مشاورت آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے تاہم ابھی تک کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کیا مریم نواز عمران خان کی بارہویں کھلاڑی بن گئیں؟
پاکستان کوئی پبلک لمیٹڈ کمپنی نہیں جو ڈیفالٹ ہوکر دوبارہ کھڑا نہ ہوسکے، آصف زرداری
آئندہ ہفتہ گورنر کےپی حاجی غلام علی خان اور الیکشن کمیشن کے حکام کے درمیان اسلام آباد میں حتمی مشاورت کیلئے ملاقات ہوگی۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کی احکامات کی روشنی میں الیکشن کمیشن کی نامزد کردہ ٹیم نے گورنر ہاوس پشاور کا دورہ کیا اور گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی سے صوبائی اسمبلی کے انتخابات سے متعلق تاریخ پر مشاورت کی۔
الیکشن کمیشن کی نامزد کردہ ٹیم میں سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان، اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفراقبال حسین اور ڈائریکٹر جنرل لاء ارشد خان شامل تھے جبکہ اجلاس میں گورنر سیکرٹریٹ سے پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر محمود حسن، ایڈیشنل سیکرٹری برائے گورنر سیف الاسلام شریک ہوئے۔
گورنر نے الیکشن کمیشن کے وفد کو گورنر ہاؤس آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں عام انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلہ پرمن وعن عملدرآمد کیا جائے گا اور آج کا اہم مشاورتی اجلاس اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
گورنر حاجی غلام علی خان نے الیکشن کمیشن کی ٹیم کو صوبے کی امن و امان سمیت مجموعی صورتحال پر تفصیلی طور پر آگاہ بھی کیا۔
قبل ازیں اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے گورنر کو صوبائی اسمبلی کی تحلیل کے بعد مختلف خط و کتابت پر بریفنگ دی اور عدالتی احکامات کی روشنی میں گورنر سے تاریخ دینے پر تفصیلی مشاورت کی۔