کےپی حکومت کا احسن اقدام ، رمضان المبارک میں مفت آٹے کی فراہمی کا فیصلہ

چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 3 کروڑ 68 لاکھ سے زیادہ افراد مذکورہ اسکیم سے استفادہ حاصل کریں گے۔

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا امداد اللہ بوسال کی زیرصدارت رمضان میں مفت آٹے کی تقسیم کے بارے میں اہم اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں انتظامی سیکرٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، بسپ اور یوٹیلیٹی اسٹورز کے حکام شریک ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک میں حکومتی اقدامات کا فائدہ براہ راست غریب اور متوسط طبقے کو پہنچایا جائے گا۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ تمام اضلاع کی انتظامیہ آٹے کے حصول کیلئے آنے والوں کو مناسب سہولیات فراہم کرے۔ انہوں نے احکامات جاری کیے کہ بزرگوں اور خواتین کیلئے الگ سے سہولیات میسر کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیے

نگراں وزیراطلاعات کے پی کے نے صوبے میں شفاف الیکشن ناممکن قرار دیدیا

رویت ہلال کمیٹی کا متوقع اجلاس: 11 اقسام کے پُرتکلف کھانوں کا ٹینڈر جاری ، نگراں صوبائی وزیر کا نوٹس

چیف سیکرٹری امداد اللہ بوسال نے کہا ہے کہ آٹے کی تقسیم کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال کررہے ہیں اس منصوبے سے 57 لاکھ سے زائد خاندان مستفید ہوں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ مجموعی طور پر 3 کروڑ 68 لاکھ سے زیادہ افراد مذکورہ اسکیم سے استفادہ حاصل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت مفت آٹا پیکیج کے لئے 19 ارب 77 کروڑ روپے سبسڈی دے رہی ہے مفت آٹا پیکیج کے تحت ایک خاندان کو دس کلوگرام آٹے کے تین تھیلے دیئے جائیں گے۔

بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ ایک کروڑ 72 لاکھ سے زائد 10 کلوگرام آٹے کے تھیلے تقسیم کئے جائیں گے۔ منصوبے کے لیے 2 لاکھ 47 ہزار 5 سو میٹرک ٹن گندم درکار ہے۔

بریفنگ میں مزید کہا گیا ہے کہ محکمہ خوراک نے رمضان پیکج کے لئے ایس او پیز جاری کر دیئے ہیں اور فوڈ ڈائریکٹریٹ میں 24/7 فعال کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔

بریفنگ میں مزید کہا گیا ہے کہ آزمائشی بنیاد پر پشاور میں اپلیکیشن کے ذریعے آٹے کی تقسیم کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے جس میں مستحق افراد اسکیم کیلئے اپنی اہلیت دستیاب ایپ سے بھی چیک کرسکتے ہیں۔ چیف سیکرٹری آفس میں مانیٹرنگ کیلئے ڈیش بورڈ قائم ہوگا۔

متعلقہ تحاریر