جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں سے جھڑپ میں آئی ایس آئی کے بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی شہید

واقعہ انگور اڈہ میں پیش آیا، فائرنگ کے تبادلے میں 7 جوان زخمی بھی ہوئے، 2 کی حالت تشویشناک، کسی تنظیم نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی، آئی ایس آئی پر رواں سال دوسرا بڑا حملہ کیاگیا، جنوری میں خانیوال میں ڈائریکٹر نوید صادق اور انسپکٹر ناصر عباس کو شہید کیاگیا تھا۔

ملکی دفاع کا ضامن حساس ادارہ دہشت گردوں کے نشانے پر آگیا۔3 ماہ میں آئی ایس آئی پر دوسرا بڑا حملہ کردیا گیا۔ جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں آئی ایس آئی کے بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی شہید ہو گئے۔

واقعہ جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈا میں پیش آیا۔جھڑپ میں  7 سپاہی زخمی بھی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔ تاحال کالعدم ٹی ٹی پی سمیت کسی دہشت گرد تنظیم نے واقعے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔

 یہ بھی پڑھیے

آئی جی خیبر پختونخواہ کا صوبے میں دہشتگردی بڑھنے کا اعتراف

پشاور پولیس لائن دھماکا؛ سی ٹی ڈی کا حملے کے ماسٹر مائنڈ کو ٹریس کرنے کا دعویٰ

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی نے آپریشن کی قیادت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا جبکہ اس دوران مزید 7 سپاہی زخمی بھی ہوئے جن میں سے دو کی حالت نازک ہے۔

بریگیڈیئر برکی اور ان کی ٹیم نے مقابلے کے دوران دہشت گردوں کے خلاف بھرپور مزاحمت کی اور پاک فوج کے اس سینئر افسر نے مادر وطن کے امن کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی دفاعی افواج اور انٹیلی جنس ایجنسیاں ملک کے ہر انچ سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کا بھرپور عزم کا اظہار کرتی ہیں۔

ڈان نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ضرار کھوڑو نے گزشتہ روز اپنے پروگرام  میں بتایا کہ اطلاعات یہ ہیں کہ  بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی انگور اڈہ افغان طالبان کے سینئر رہنما سے ملاقات کرکے وانا  جارہے تھے کہ راستے میں ان پر حملہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ رواں 3 ماہ میں آئی ایس آئی پر یہ دوسرا بڑا حملہ ہے۔اس سے قبل 3 جنوری کو خانیوال میں دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے آئی ایس آئی  کے ڈائریکٹر نوید صادق اور انسپکٹر ناصر عباس کوشہید کردیا تھا۔واقعے میں ملوث دہشت گرد بعدازاں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارا گیا تھا۔

متعلقہ تحاریر