لاہور ہائیکورٹ سے تحریک انصاف کے 43 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا نوٹی فیکیشن معطل

جسٹس شاہد کریم نے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کی درخواست منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت ، الیکشن کمیشن اور اسپیکر راجہ پرویز اشرف کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 43 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا نوٹی فیکیشن معطل کردیا ہے۔ عدالتی  فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے رہنما تحریک انصاف اسد عمر نے کہا ہے کہ راجہ ریاض اپوزیشن کا کمرہ خالی کرنے کی تیاری کریں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے 43 اراکین قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی جانب سے استعفے منظور کرنے کے نوٹی فیکیشن کو معطل کردیا ہے۔ پی ٹی آئی کے 43 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت جسٹس شاہد کریم نے کی۔

یہ بھی پڑھیے

بلوم برگ کا پاکستان سے روزانہ 5 ملین ڈالر افغانستان اسمگل ہونے کا انکشاف

ہم کے پی میں انتخابات کیلئے تیار ہیں، آئی جی معظم جاہ کا الیکشن کمیشن کو بریفنگ

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے استعفوں کی منظوری کے خلاف درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت ، الیکشن کمیشن اور اسپیکر قومی اسمبلی کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں پی ٹی آئی کے ایم این ایز نے موقف اختیار کیا کہ ہم نے استعفے منظور ہونے سے پہلے ہی واپس لے لیے تھے ، استعفوں کی منظوری بدنیتی پر مبنی ہے۔

واضح رہے کہ ریاض فتیانہ سمیت 43 اراکین قومی اسمبلی نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی ، جس میں کہا گیا تھا کہ ہم استعفے منظور ہونے سے قبل ہی واپس لے لیے تھے اس لیے استعفے واپس لینے کے بعد اسپیکر انہیں منظور نہیں کرسکتے۔ جو استعفے منظور کیے گئے وہ سیاسی بنیادوں پر منظور کیے گئے جو بدنیتی ہے، اور اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہے۔ اس لیے عدالت اس اقدام کو کالعدم قرار دے۔

لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کی درخواست کے لیے منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا نوٹی فیکیشن تاحکم ثانی معطل کردیا ہے۔

دوسری لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے رہنما تحریک انصاف اسد عمر نے سماجی رابطوں کی  ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کیا ہے کہ ” عدالت نے اسپیکر کے سیاسی بنیاد پر کیا گیا فیصلہ معطل کردیا. 43 تحریک انصاف کے ایم این اے کی رکنیت بحال. راجہ ریاض صاحب لیڈر آف اپوزیشن کا کمرہ خالی کرنے کی تیاری کریں۔”

متعلقہ تحاریر