لاہور ہائیکورٹ: عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ناقابل سماعت قرار
جسٹس شجاعت علی خان نے ریمارکس دیئے کہ بادی النظر میں عمران خان کے بیانات سپریم کورٹ کے جج کے بارے میں ہیں، ایسے میں درخواستیں لاہور ہائیکورٹ میں کیسے قابل سماعت ہوسکتی ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لیے درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بادی النظر میں عمران خان کے بیانات سپریم کورٹ کے جج کے بارے میں ہیں، اور وہی اس کو سننے کی مجاز ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں عمران خان کی جانب سے عدالتوں کے توہین آمیز بیانات پر توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس شجاعت علی خان نے مشکور احمد کی اعتراضی درخواست پر سماعت کی۔
یہ بھی پڑھیے
وزیراطلاعات پنجاب کی عورت مارچ کے انعقاد میں رکاوٹ نہ ڈالنے کی یقین دہانی
عمران خان سمیت 150 افراد کے خلاف تھانہ ریس کورس پارک میں مقدمہ درج
جسٹس شجاعت علی خان نے ریمارکس دیئے کہ بادی النظر میں عمران خان کے بیانات سپریم کورٹ کے جج کے بارے میں ہیں، ایسے میں درخواستیں لاہور ہائیکورٹ میں کیسے قابل سماعت ہوسکتی ہیں۔
عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراض کو برقرار رکھتے ہوئے درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دے دیا۔ رجسٹرار آفس لاہور ہائی کورٹ نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض لگا دیا تھا
رجسٹرار آفس ہائیکورٹ نے درخواست گزار کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی ، ججز کو درخواست میں فریق نہیں بنایا جا سکتا۔
درخواست گزار نے رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ آفس کے اعتراض کو چیلنج کیا تھا ، درخواست میں عمران خان کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کی سربراہی میں عدلیہ کے خلاف منظم کیمپین چلائی جا رہی ہے ۔ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو کالعدم قرار دینے پر ججز کے خلاف کیمپین چلائی گئی۔
درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد میں پیشی پر عمران خان جتھوں کے ساتھ عدالتوں میں پیش ہوئے۔ سرکاری عمارتوں کو نقصان اور نعرے بازی کرتے ہوئے عدالت میں پیش ہونا توہین عدالت ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس پر پلان کر کے حملہ کیا گیا جسکے ماسٹر مائنڈ عمران خان تھے۔ عمران خان نے عدلیہ کو پریشرائز کرنے کے لیے ورکرز کو جوڈیشل کمپلیکس بلایا۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ لاہور ہائیکورٹ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کرے۔ عدالت عمران خان کو عدالت میں طلب کر کے جواب دہی کرے۔









