9 مئی کا ہنگامہ: خدیجہ شاہ سمیت پی ٹی آئی کی 7 خواتین اے ٹی سی میں پیش
پی ٹی آئی خواتین کا کہنا ہے کہ انہیں جیل میں کسی قسم کی زیادتی کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے۔
شناخت پریڈ کے بعد ممتاز فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سات دیگر خواتین کارکنان کو جمعہ کے روز لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
خواتین کے گروپ میں سابق آرمی چیف آصف نواز جنجوعہ کی نواسی بھی شامل تھی۔
خدیجہ شاہ کو بعد میں لاہور ہائی کورٹ منتقل کیا گیا جہاں انہیں پیش کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
تحریک انصاف کے صدر پرویز الہٰی کو لاہور سے گرفتار کرلیاگیا
لاہور ہائیکورٹ نے 11 اضلاع میں نظربند پی ٹی آئی کارکنان کی نظربندی کو کالعدم قرار دے دیا
شناختی پریڈ مکمل ہونے کے بعد تفتیشی افسر محمد سرور خواتین کو عدالت میں لائے۔ خواتین میں پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ، صنم جاوید اور طیبہ راجہ سمیت دیگر خواتین بھی شامل تھیں۔
پی ٹی آئی کے کارکنوں نے صحافیوں کو بتایا کہ جیل میں ان کے ساتھ بدسلوکی نہیں کی گئی بلکہ ان کا کہنا تھا کہ اصل ناانصافی یہ ہے کہ انہیں بغیر کچھ کیے بند کر دیا گیا ہے۔
خدیجہ شاہ نے 23 مئی کو لاہور کے اقبال ٹاؤن تھانے میں رضاکارانہ طور پر خود سپردگی کی تھی۔ ان کی جانب سے خود کو پولیس کے حوالے کرنے کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت نے انہیں 24 مئی سے سات دن کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔









