لاہور ہائیکورٹ نے شاہ محمود کے وکلاء کو ان سے ملاقات کی اجازت دے دی

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اس وقت راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے وکلاء کو اپنے موکل سے ملاقات کی اجازت دے دی۔

جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کو چیلنج کرنے والی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران شاہ محمود کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں اپنے موکل سے ملنے کی اجازت دی جائے جو اس وقت اڈیالہ جیل میں نظربند ہیں۔

یہ بھی پڑھیے 

پنجاب کے بعد تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے رہنماؤں کے گرد گھیرا تنگ

AFCO کو حکام نے غیرقانونی طور پر سیل کردیا ہے، حماد اظہر کا دعویٰ

عدالت نے شاہ محمود کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے انہیں اپنے موکل سے جیل میں ملاقات کی اجازت دے دی۔ اور سماعت 6 جون تک ملتوی کر دی گئی۔

مزید برآں عدالت نے چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پنجاب، راولپنڈی کے چیف پولیس آفیسر، ریجنل پولیس آفیسر اور راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر کو نوٹس جاری کر دیئے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پارٹی رہنما اور پنجاب کے سابق وزیر مسرت جمشید چیمہ کو رہائی کے چند منٹ بعد دوبارہ اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔

اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد سماء ٹی وی سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں کسی صورت پی ٹی آئی کو نہیں چھوڑوں گا۔

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین نے میڈیا کو بتایا تھا کہ میں پارٹی کے ساتھ  تھا ، ہوں اور پارٹی کے ساتھ رہوں گا۔

متعلقہ تحاریر