حمزہ شہباز شریف نے 21ویں وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا
لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے حمزہ شہباز سے حلف لیا۔
کفر ٹوٹا خدا خدا کر کے ، اور بلاآخر نومنتخب وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ان سے حلف لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے 21ویں وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔ اس پروقار تقریب میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز ، ان کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر ، وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ ، ارکان قومی اسمبلی اور ارکان پنجاب اسمبلی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیے
نعرے بازی کا واقعہ مسجد نبویﷺ سے باہر پیش آیا،نوجوان کی وضاحت
الیکشن کمیشن کا انوکھا فیصلہ، ووٹ خریدنے والا گناہگار، جیتنے والا بےگناہ
گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی جانب سے تیسری بار حمزہ شہباز شریف کا حلف لینے سے انکار پر ، حمزہ شہباز نے گذشتہ روز ایک مرتبہ پھر لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر لاہور ہائی کورٹ نے اسپیکر قومی اسمبلی کو نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے کا حکم جاری کیا تھا۔
واضح رہے کہ حلف برداری کی تقریب سے چند گھنٹے قبل گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے حیران کن اقدام کرتے ہوئے عثمان بزدار کا استعفیٰ یہ کہہ کر مسترد کر دیا کہ آئینی تقاضے پورے نہیں کیے گئے تھے۔
حمزہ خود گاڑی چلا کر گورنر ہاؤس پہنچے جب کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بھی منتخب وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھیں۔
حمزہ شہباز کون ہیں؟
نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف ، پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کے بڑے صاحبزادے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کی ویب سائٹ کے مطابق حمزہ شہباز شریف 6 ستمبر 1974 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کی اور پھر لندن سکول آف اکنامکس سے ایل ایل بی مکمل کیا۔
حمزہ شہباز شریف نے باضابطہ طور پر اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز 90 کی دہائی کے آخر میں جنرل پرویز مشرف کی جانب سے اقتدار پر قبضے کے بعد کیا۔
2008 میں، انہوں نے پنجاب اسمبلی کی نشست کے لیے، ایک آزاد امیدوار کے ساتھ ساتھ قومی اسمبلی کے لیے بھی انتخاب لڑا۔ جب کہ وہ سلمان رفیق سے صوبائی الیکشن ہار گئے، وہ 2008 سے 2013 اور پھر 2013 سے 2018 تک رکن قومی اسمبلی بنے۔
2018 میں، انہوں نے ایک قومی اسمبلی کی نشست اور ایک پنجاب سے الیکشن لڑا اور جیتا۔ بعد میں انہوں نے اپنا صوبائی حلقہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا اور قومی اسمبلی کی نشست کو چھوڑ دیا۔
اسی سال حمزہ شہباز کو اپوزیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوار کے طور پر میدان میں اتارا تھا لیکن وہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عثمان بزدار کے مقابلے میں ہار گئے۔
حمزہ شہباز اس وقت پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر بھی ہیں۔
حمزہ شہباز شریف نے 2018 کے کاغذات نامزدگی میں اپنی ازدواجی زندگی کے خانے میں دو بیگمات کے نام درج کیے تھے، جن میں مہرونیسہ حمزہ اور رابعہ حمزہ شامل ہیں۔