لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت سے توشہ خانہ تحائف کی تفصیلات طلب کرلیں
وفاقی حکومت کے وکیل کی مخالفت، جسٹس عاصم حفیظ نے نے ریمارکس دیئے کہ آپ تفصیلات پیش کریں عدالت طے کرے گی کہ خفیہ ہے یا نہیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے قیام پاکستان سے اب تک توشہ خانہ سے دیئے جانے والے تحائف کی تفصیلات طلب کرلیں ہیں اور وفاقی حکومت کو ہدایت کی کہ 16 جنوری کو تفصیلات پیش کی جائیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے مقامی شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی اور توشہ خانہ کی تفصیلات طلب کرلیں ، تاہم وفاقی حکومت کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے بتایا کہ توشہ خانہ کے تحائف خفیہ معلومات ہیں اس لیے تفصیلات فراہم نہیں کی جاسکتی۔
یہ بھی پڑھیے
عمران خان کو نااہلی سے بچانے کیلئے جہانگیر ترین کی قربانی دی گئی تھی، مشیر دفاع
لاہور ہائیکورٹ کا شہر میں مارکیٹیں اور ریسٹورینٹس رات 10 بجے بند کرنے کا حکم
وکیل کے اعتراض پر عدالت نے استفسار کیا کہ جب کسی شخصیت نے توشہ خانہ سے تحفہ خرید لیا تو پھر اسے ٹیکس ریٹرنز میں ظاہر کرنا پڑتا ہے. اس لیے جب ٹیکس ریٹرنز میں تحفہ ظاہر ہوگیا تو پھر کیسے خفیہ رہ سکتا ہے۔
عدالت نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ آپ تفصیلات پیش کریں عدالت طے کرے گی کہ خفیہ ہے یا نہیں۔
درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے بتایا کہ توشہ خانہ سے کن کن شخصیات کتنے تحائف لیے اور کیا ادائیگی کی گئی اسکی تفصیل دستیاب نہیں ہے۔
وکیل نے عدالت عالیہ سے استدعا کی کہ توشہ خانہ سے کتنے مالیت کے تحفے خرید گئے اور ان کیلئے کتنی رقم کی ادائیگی کی گئی اس کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔