معروف سماجی کارکن، وکیل اور سیاستدان جبران ناصر کراچی سے اغوا

میں اور میرے شوہر رات کا کھانا کھاکر واپس گھرآرہے تھے کہ سفید ویگو میں سوار 15 مسلح افراد نے راستہ روکا اور جبران کو زبردستی ساتھ لے گئے، اداکارہ منشا پشا: انسانی حقوق کمیشن اور عورت مارچ کی جبران ناصر کے اغوا کی شدید مذمت

ملک کے معروف سماجی کارکن، وکیل اور سیاستدان جبران  ناصر کو مبینہ طور گزشتہ رات کراچی سے اغوا  کرکے لاپتہ کردیا گیا ہے۔

سماجی کارکن کی اہلیہ اور معروف اداکارہ منشا پاشا   کا کہنا ہے کہ سفید ویگو نے زبردستی ان کا راستہ روکا اور 15 مسلح افراد ان کے شوہر کو اغوا کرکے لے گئے۔

انسانی حقوق کمیشن  پاکستان ، عورت مارچ اور دیگر  سماجی تنظیموں اور شخصیات نے سماجی کارکن کے اغوا پر شدید تشویش  کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ  بھی پڑھیے

سمیع ابراہیم کی واپسی مگر عمران ریاض تاحال لاپتہ؛ حکومت کے متضاد دعوے

کورکمانڈر ہاؤس لاہور پر حملے کی کوریج کرنیوالا صحافی ارقم شیخ 13 روز سے لاپتہ

اداکارہ  منشا پاشا نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا  ہےکہ” میں اور میرے  شوہر رات کا کھانا کھاکر گھر  واپس آرہے تھے کہ سفید ڈبل کیبن گاڑی میں سوار تقریباً 15 مسلح افراد نے راستہ روکا اور پھر میرے شوہر جبران ناصر کو زبردستی اپنے ہمراہ لے گئے“۔

انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ ان کے شوہر کی جلد گھر واپسی کے لیے آواز اٹھائیں اور  دعا  بھی کریں۔

دوسری جانب انسانی حقوق کمیشن پاکستان نے جبران ناصر کے اغوا پر شدید اظہار تشویش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جبران کو بحفاظت فوری طورپر بازیاب کرایا جائے اور اغواکاروں کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

دریں  اثنا عورت مارچ نے بھی ٹوئٹر پر جاری بیان میں سماجی کارکن کے اغوا کی شدید مذمت کی ہے۔عورت مارچ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ وکیل اور سماجی کارکن جبران ناصر کو نامعلوم افراد نے ان کی کار کے اندسے اغواکیا ہے، ہم ان کے اغوا کی شدید مذمت کرتے  ہیں جوکہ شہری حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔

عورت  مارچ نے حکومت اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں سے  مطالبہ کیا ہے کہ جبران ناصر  کو فوری اور غیرمشروط طور پر بحفاظت رہا کیا جائے۔

دریں اثنا سینئر صحافی، سیاسی وسماجی کارکنوں نے جبران ناصر کے  اغوا کی شدید مذمت کی ہے۔ جبران ناصر کی حمایت میں ٹوئٹر پر #releasejibrannasirٹاپ ٹرینڈ  بن گیا ہے۔

سینئر صحافی حامد میر نے مبینہ طور جبران ناصر کےاغوا کی  وجہ بننے والے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اپنے تبصرے میں لکھاکہ جبران ناصر کی جبری گمشدگی قانون کی حکمرانی اور آزادی اظہار رائے پر یقین رکھنے والے تمام افراد کیلیے پیغام ہے۔

انہوں نے کہاکہ جبران کے خیالات سے اختلاف کیاجاسکتا ہےلیکن وہ تحریک انصاف کا حامی نہیں ہے،اس نے کبھی 9 مئی کی پرتشدد کارروائیوں میں حصہ نہیں لیا۔اسے اغوا کرنے  والوں نے  سول سوسائٹی کی ریڈ لائن عبور کی ہے۔

متعلقہ تحاریر