ایف آئی اے کی ڈہرکی میں کارروائی، آن لائن فراڈ میں ملوث ملزم گرفتار

ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر کرائم سیل کے مطابق ملزم کے علاوہ اس کاروبار میں مزید کئی ملزمان شامل ہیں۔

سکھر سمیت اندرون سندھ آن لائن کاروبار کے نام پر کروڑوں روپے کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے ڈہرکی میں کاروائی کرتے ہوئے لوگوں سے کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

سکھر سمیت اندرون سندھ کے مختلف اضلاع گھوٹکی ،خیرپور. شکارپور ،لاڑکانہ ،جیکب آباد ،کشمور ،قمبرشہداد کوٹ اضلاع میں بیروزگار نوجوانوں کو آن لائن کاروبار کرنے کا جھانسہ دے کر ان سے کروڑوں روپے کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

معروف اینکر پرسن ماریہ میمن کی مرحومہ ماں کا سونا بینک سے چوری

ایف آئی اے سائبر کرائم کی ایک ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری عبدالرؤف کی قیادت میں گھوٹکی ضلع کی تحصیل ڈہرکی میں کاروائی کرتے ہوئے اس فراڈ کے سرغنہ شعیب عرف شعبی ولد فاروق احمد کو گرفتار کرلیا ہے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس سے تفتیش شروع کردی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر کرائم سکھر چوہدری عبدالرؤف نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ملزم اس کاروبار میں اکیلا نہیں ہے اس کے ساتھ دیگر لوگ بھی شامل ہیں جن کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم شعیب بیروزگار نوجوانوں کو آن لائن کاروبار کا جھانسہ دے کر ان سے کروڑوں روپے لے چکا ہے اور اس رقم سے اس نے کئی ممالک کے دورے بھی کیے ہیں اور بڑے بڑے ہوٹلز میں اپنی جعلی کمپنی "پے ڈیمانڈ کمپنی” کے نام پر سیمینار بھی کرائے ہیں

انہوں نے بتایا کہ ملزم نے ایک عرصہ قبل سندھ سے فرار ہو کر پنجاب میں رہائش اختیار کر رکھی تھی اس کی آج ڈہرکی میں موجودگی کی اطلاع ملی تو کاروائی کرکے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے اس سے تفتیش کی جارہی ہے۔

متعلقہ تحاریر