اسٹیبلشمنٹ اس حکومت کو لائی ہے آج بھی وہ اس کے پیچھے کھڑی ہے، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ یہ لوگ کچھ بھی کرلیں ہم الیکشن جیت کر پھر آئیں گے ، شہباز شریف کا کفایت شعاری ڈرامہ عوام پر مزید ٹیکسز لگانے کے لیے ہے۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ میری حکومت گرانے میں شہباز شریف ، آصف زرداری ، نواز شریف ، فضل الرحمان اور باجوہ شامل تھے، بیرونی طاقتوں کو بھی سازش میں ساتھ ملا لیا گیا۔ کہتے ہیں جب ہماری حکومت گئی تو 12 فی صد مہنگائی تھی اب 30 فی صد بھی زائد ہے، اب یہ کہتے ہیں عوام مزید مہنگائی کیلئے تیار ہو جائیں۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین تحریک انصاف نے پی ٹی آئی کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج میں اپنی جیل بھرو تحریک پر بات کرنا چاہتا ہوں، 10 اپریل سے حقیقی آزادی شروع ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پرویز الہیٰ کا ماسٹر اسٹورک: چوہدری شجاعت اور پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کو زور کا جھٹکا

الیکشن آگے لے جانے والے پر آرٹیکل 6 لگے گا، شیخ رشید احمد

وزیراعظم شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے آج بھی لمبی تقریر کی، آج شہباز شریف کہہ رہا ہے قوم مزید مہنگائی کیلئے تیار ہو جائے، تقریر سے یہ سمجھ آیا آئی ایم ایف معاہدے پر قوم مہنگائی کیلئے تیار رہے۔

اپنی حکومت گرانے کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز ، زرداری اور بیرونی  طاقتوں نے میری حکومت گرائی، شہباز شریف کو معلوم ہے یہ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے۔ اسٹیبلشمنٹ اس حکومت کو لائی ہے آج بھی وہ اس کے پیچھے کھڑی ہے۔

تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آپ نے ماضی میں جو وعدے کیے وہ ایک منٹ میں سامنے آجاتے ہیں، ایسا کیا ہوا ہے جو روپے کی قدر اس حد تک گری، پی ٹی آئی کی حکومت گرائی ، یہ لوگ سازش کا حصہ تھے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 10 ماہ میں جو پاکستان کیساتھ ہوا ہے دشمن بھی ایسا نہیں کر سکتا تھا، 10 ماہ میں پاکستان میں 50 سال سے بھی زائد مہنگائی ہوئی ہے، عوام کو پاگل نہ بنائیں باہر رکھا ہوا چوری کا پیسہ واپس لائیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جب ہماری حکومت گئی تو 12 فی صد مہنگائی تھی اب 30 فی صد بھی زائد ہے، اب یہ کہتے ہیں عوام مزید مہنگائی کیلئے تیار ہو جائیں، ہم بھی آئی ایم ایف کے پروگرام میں تھے لیکن ہم نے مہنگائی کو کنٹرول رکھا۔

پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے سپلائی لائن متاثر ہوئی تھی اور ساری دنیا میں مہنگائی آئی تھی۔

سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ مگر مچھ کے آنسو ہمارے سامنے نہ بہائیں، ہمارے دور میں تیل کی قیمت 110 سے 115 ڈالر فی بیرل پر گئی تھی، آج عالمی سطح پر تیل کی قیمت 80 سے 85 ڈالر کے درمیان ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آج گھی اتنا مہنگا کیوں ہے ، کیا وجہ ہے جو روپے کی قدر اس حد تک گری، ہم سمجھ رہے تھے عوام کی فکر ہوگی اس لیے آج کوئی بڑا اعلان کریں گے، آج یہ کہتے ہیں مزید مہنگائی ہوگی عوام تیار ہوجائیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ کا خاندان اور زرداری خاندان پاکستان سے پیسہ چوری کر کے باہر لے گیا، آپ کا خاندان لندن کے سب سے مہنگے ترین علاقے میں رہتا ہے ، ہم سمجھ رہے تھے شاید آپ اپنا پیسہ بیرون ملک سے واپس لے آئیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ حالات ایسے نہیں کہ میں ملک کو کوئی نقصان پہنچاؤں، ملک کو جو آج یہاں کھڑا کیا ہے اس کے ذمہ دار یہ لوگ ہیں، 10 ماہ میں تمام کوششیں آئین و قانون کے درمیان رہ کر کیں، لوگوں کو تکلیف ہے تو آپ اپنا چوری کا پیسہ باہر جو رکھا گیا ہے اسے واپس لائیں، آپ لوگوں نے 1100 ارب کے کرپشن کیسز این آر ٹو لے کر ختم کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم مہنگائی کیلئے نہیں کسی اور چیز کیلئے تیار ہے، لاہور کے لوگوں کو جیل بھرو تحریک میں نکلنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، شہباز شریف دیکھ لیں آج قوم انقلاب کیلئے تیار ہے، قوم سڑکوں پر آنے کیلئے تیار ہے ، قوم نے اپنا فیصلہ کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک چلتی ہوئی معیشت کو گرا کر آج پاکستان کو گھٹنوں کے بل کھڑا کر دیا گیا، فیصل آباد میں مزدور نہیں ملتے تھے آج وہاں فیکٹریاں بند ہورہی ہیں، ہمارے دور میں ملک میں تاریخی ڈالر آئے تھے ہم نے 50 لاکھ نوکریاں دی تھیں، عالمی سطح پر مہنگائی کے باوجو د ہم نے عوام پر بوجھ نہیں پڑنے دیا، 1100 ار ب روپے مزید ریکور ہونے تھے ان لوگوں نے معاف کرا لیے۔

متعلقہ تحاریر