شاہد خاقان عباسی نے عمران خان کو لیڈر اور سیاسی حقیقت قرار دیدیا

پاکستان نے 75 سالوں میں ہزاروں جنرل،ججزاور بیوروکریٹس پیدا کیے ہیں لیکن اس عرصے میں صرف 4 لیڈر ہی پیدا کیے ہیں جو ذوالفقار علی بھٹو، محمد نوازشریف، بینظیر بھٹو اور آج عمران خان ہیں، سابق وزیر اعظم کی لاہور لٹریچر فیسٹیول میں گفتگو

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران  خان کوپاکستان کی   سیاسی حقیقت  قراردیدیا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ  پاکستان نے 75 سالوں میں ہزاروں جنرل،ججزاور بیوروکریٹس پیدا کیے ہیں لیکن اس عرصے میں صرف 4 لیڈر ہی پیدا کیے ہیں جو ذوالفقار علی بھٹو، محمد نوازشریف، بینظیر بھٹو اور آج عمران خان ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

مریم نواز کے بعد بلاول بھٹو نے بھی توپوں کا رخ عدلیہ کی جانب موڑ دیا

ملک میں امن و امان کی صورتحال 2008 اور2013 الیکشن سے بہتر قرار

لاہور لٹریچر فیسٹیول میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگر سیاستدانوں کو خرابی کا ذمے دار ٹھہرایا جائے تو پھر کسی کو استثنیٰ حاصل نہیں ہے۔ہماری سیاست میں بیرونی عوامل کا عمل دخل ہے،جس میں آمریت کے طویل اور غیرآئینی ادوار شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آمریت اور اس کے بعد کے ادوار میں ایک ایسا سیاسی طبقہ پیدا کیاگیاجو پاکستان کے عوام کی خواہشات پرمبنی نہیں تھا، غیرجمہوری مداخلت ہمیشہ ہوتی رہی بلکہ آج بھی بیرونی اثرات پائے جاتے ہیں جس کے نتیجے میں اسمبلیوں اور سینیٹ میں اکثریت ایسے افراد کی ہوتی ہے  جنہیں عوام وہاں دیکھنا نہیں چاہتے۔

انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ میں زیادہ تر نمائندے پیسے سمیت مختلف طریقے اور ذرائع استعمال کرکے آتے ہیں اور پھر اسٹیبلشمنٹ کے مفادات کا خیال رکھتے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ  75سال کے عرصے میں ملک نے ہزاروں جنرلز، ججزاور بیورو کریٹس بناے لیکن اس عرصے میں  صرف 4 سیاستدان بنائے  اور وہ ذوالفقار علی بھٹو، محمد نواز شریف، بینظیر بھٹو اور آج عمران خان ہیں۔

انہوں نے برملا اعتراف کیا کہ آج کے دور میں عوام کے حقیقی جذبات کی ترجمانی صرف نواز شریف اور عمران خان کررہےہیں اور یہی پاکستان کی سیاسی حقیقت ہے۔

انہوں نے کہاکہ کرپشن ملک کا بڑا مسئلہ ہے لیکن صرف یہی ایک مسئلہ  ہے ، میں اس سے اتفاق نہیں کرتا۔انہوں نے کہاکہ بدعنوان لوگ ملک کی اسٹیبلشمنٹ کیلیے باکردارلوگوں کی نسبت زیادہ قابل قبول  ہوتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر