سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سیاست سے دستبرداری کا اعلان کردیا
عثمان بزدار کا سیاست سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا ہم ہمیشہ اپنے ملک کی فوج کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
عمران خان کی ساب سے بڑی وکٹ گر گئی ، سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور رہنما تحریک انصاف عثمان بزدار نے سیاست سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔ کہتے ہیں 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو جوکچھ ہوا میرا خیال ہم سب کو ان کی مذمت کرنی چاہیے۔ 9 مئی کو ہونے والے تمام واقعات قابل مذمت ہیں۔ جہاں تک میں سمجھتا ہوں پاکستان کا کوئی بھی شہری ایسا نہیں ہوگا جو ان واقعات کی مذمت نہیں کرے گا۔
یہ بھی پڑھیے
پنجاب کے بعد تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے رہنماؤں کے گرد گھیرا تنگ
کیا فواد چوہدری پی ٹی آئی کے مصطفیٰ کمال بننے جارہے ہیں؟
عثمان بزدار کا سیاست سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا ہم ہمیشہ اپنے ملک کی فوج کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا ہم نے ہمیشہ شرافت کی سیاست کی ہے، اور اسی کو فروغ دیا ہے۔ آج کل کی جو سیاسی صورتحال سب کے سامنے ہے اس کے پیش نظر میں سردست سیاست سے اپنی دستبرداری کا اعلان کرتا ہوں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ میں تمام اسٹیک ہولڈر سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنی ذات اور پارٹیوں سے نکل کر پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے سوچیں ، یہی میری پاکستان کے تمام شہریوں سے بھی اپیل ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔
ایک سوال کے جواب میں عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ میری اعلیٰ حکام سے درخواست ہے کہ جو بےگناہ لوگ گرفتار ہورہے ہیں ان کے ساتھ نرمی برتی جائے۔









