وہم و گمان میں بھی نہیں تھا آرمی چیف کی تبدیلی گلے پڑجائے گی، عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کبھی نہیں سوچا تھا کہ 16 ارب کی کرپشن میں ملوث شخص کو ملک کا وزیراعظم بنا دیا جائے گا نیوٹرل سے کہا تھا آپ کو سوچنا ہوگا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے میرے وہم و گمان میں بھی تھا کہ آرمی چیف کی تبدیلی میرے گلے پڑ جائے گی، کہتے ہیں نواز شریف ہمیشہ اپنی پسند کا آرمی چیف لے آیا کیونکہ انہیں فوج سے ڈر ہوتا تھا ، آئی ایس آئی اور ایم آئی کے پاس ان کی چوری کی رپورٹس ہوتی ہیں، اپوزیشن والوں کو خوف ہو گیا تھا کہ میں جنرل فیض حمید کو اگلا آرمی چیف لانا چاہتا ہوں۔
اسلام آباد میں رجیم چینج سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا خرم دستگیر نے کہا کہ عمران خان اپنا آرمی چیف رکھوانا چاہتا تھا ، جبکہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ نومبر میں آرمی چیف کس کو بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ویڈیو اسکینڈل کا معاملہ، طیبہ گل نے سابق چیئرمین نیب کے خلاف شکایت کردی
شمالی وزیرستان میں زلزلہ اور لینڈ سلائیڈنگ، 10 افراد جاں بحق، 25 زخمی
انہوں نے کہا میں اللہ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ مجھے نومبر میں آرمی چیف کی تقرری کےبارے میں سوچنا تھا۔ میں پوچھتا ہوں کہ آرمی کی تبدیلی سے کیا احتساب کا عمل رک جائے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا میں نے ہمیشہ میرٹ کو پرموٹ کیا ، میں اپنے کسی رشتے دار کو بھرتی نہیں کروایا ، عمران خان کو اپنا آرمی چیف رکھنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ مجھےاپنی چوری نہیں بچانی ہے۔
ان کا کہنا تھا میں نے نومبر میں آرمی چیف کے متعلق سوچنا تھا اس وہ جو سینئر ہوتا وہ آرمی چیف بن جاتا ، ان لوگوں کو ڈر تھا کہ میں جنرل فیض حمید کو آرمی چیف لانا چاہتا ہوں اور اگر جنرل فیض آرمی چیف بن جائیں گے تو ان سب کا مستقبل تباہ ہو جائے گا۔ آج اداروں کا قتل عام ہورہا ہے ، امپورٹڈ حکومت نے تمام اداروں میں اپنے لوگ بٹھادیئے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کے پاس چوری کا پیسہ تھا، وہ اداروں کو کنٹرول کرنا چاہتا تھا، اور آج اداروں کا قتل عام ہورہا ہے، آپ دیکھ لیں گے اب ہر جگہ اس نے اپنے لوگ بٹھا دیے ہیں، 30 سال کی محنت کرکے نواز شریف نے اتنا پیسہ بنایا ہے، دو بار چوری پر ان کی حکومتیں گئیں۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ 16 ارب روپے کی کرپشن کرنے والے شہباز شریف کو وزیراعظم بنا دیا جائے گا۔ نیوٹرل سے کہا کہ اس (شہباز شریف)پر 16 ارب روپے کے کیسز ہیں، کوئی اور ملک ہوتا تو یہ جیل میں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا جب بھی کسی ملک میں رجیم چینج کرتا ہے تو اس کے اپنے مفادات ہوتے ہیں ، وہ کسی ملک کے مفادات کے لیے حکومت کو تبدیل نہیں کرتا ہے۔ کیا ہمیں امریکا کو اڈے دے دینے چاہئیں؟
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 26 سال پہلے کہا کہ زرداری اور نوازشریف دونوں چور ہیں، زرداری اور نواز شریف ہمیشہ ایک دوسرے کے بارے میں سچ کہتے تھے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر عمران خان کا کہنا تھا ’’اگر گھر پر ڈاکا پڑے تو کیا چوکیدار نیوٹرل ہوسکتا ہے؟‘‘