پی ٹی آئی کے تمام امیدواروں کو پیشگی مبارکباد، دھاندلی کے باوجود ہم جیتیں گے، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے 17 جولائی کو ہر پولنگ اسٹیشن پر 10 نوجوان موجود رہیں گے تاکہ ان کو دھاندلی سے روکا جاسکے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات سے قبل پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر ووٹر لسٹوں میں گڑبڑ کررہی ہے ، عوام ووٹر لسٹیں چیک کریں اور ان کی تصدیق کریں۔

چیچہ وطنی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا میں پاکستان تحریک انصاف کے تمام امیدواروں کو پیشگی مبارکباد دیتا ہوں ، یہ لوگ جتنی مرضی دھاندلی کرلیں ، ضمنی انتخابات ہم ہی جیتیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

مجھ پر زیادہ دباؤ ڈالا گیا تو ساری حقیقت عوام کے سامنے لے آؤں گا، عمران خان

24ارب کی کرپشن کرنے والے ہم پر مسلط کردیے گئے، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا 17 جولائی الیکشن والے دن مجھے ایسے نوجوان چاہئیں جو انہیں دھاندلی سے روک سکیں ، ہر پولنگ اسٹیشن پر 10 ، 10 نوجوان موجود رہیں گے تاکہ دھاندلی نہ ہوسکے۔

عمران خان کا کہنا تھا یہ لوگ جتنی بھی دھاندلی کرلیں یہ جیت نہیں سکتے ، مجھے ایسے نوجوان چاہئیں جو انہیں دھاندلی سے روک سکیں۔

پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا ہم نے ریکارڈ برآمدات کیں ، ہمارے دور میں زراعت نے بھرپور ترقی کی ، ہماری معیشت کو انہوں نے اوپر سے نیچے گرا دیا ، سازش کے تحت چور ہم پر مسلط کیے گئے ، ان چوروں نے مہنگائی کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا شریف اور زرداری فیملیز پیسوں کی پوجا کرنے والی فیملیز ہیں ، ضمانت والے شخص کو وزیراعظم کا پروٹوکول دیا جارہا ہے ، شریف خاندان نے آج تک کوئی چیز ایمانداری سے نہیں کی۔

عمران خان نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جو ان چوروں کے ساتھ کھڑا ہے اس کا احتساب ہوگا ، تاریخ کبھی ان کو معاف نہیں کرے گی، اللہ کا حکم ہے سچ کے ساتھ چلو، آزادی اظہار سے روکا گیا تو ملک انتشار کی طرف چلا جائے گا، ان صحافیوں کو سلام کرتا ہوں جو راہ حق پر کھڑے ہیں۔

متعلقہ تحاریر