ایک شخص نے ملک سے ظلم کیا، عمران خان کی جنرل (ر) باجوہ کا نام لیے بغیر تنقید

چوہدری پرویز الہیٰ کی دھمکی کام کرگئی ، چیئرمین تحریک انصاف نے ساری تقریر میں جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کا نام لیے بغیر تنقید کے نشتر چلائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کی دھمکی کام کر گئی ، چیئرمین تحریک انصاف نے ساری تقریر جنرل (ر) باجوہ کا نام لیے بغیر کردی۔ عمران خان نے کہا ہے کہ 70 فیصد پاکستانی ملک میں فوری الیکشن چاہتے ہیں، ایک شخص نے جو ملک سے ظلم کیا دشمن بھی ایسا نہیں کرسکتا۔ مجھے مارکر راستے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔

لاہور میں گورنر ہاؤس کے سامنے پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مذاق ہو رہا ہے، اسمبلیاں تحلیل کرنا ہمارا حق ہے، پہلے کہتے تھے اسمبلیاں تحلیل کریں، الیکشن کیلئے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

چوہدری مونس الہیٰ اور چوہدری حسین الہیٰ کھل کر پی ٹی آئی کے حق میں سامنے آگئے

آصف زرداری نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ لینے سے انکار کردیا

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا جب اسمبلیاں تحلیل کرنے لگے ہیں تو یہ بھاگ رہے ہیں، کبھی کہتے ہیں 2 صوبوں میں الیکشن کرائیں گے، کبھی گورنر راج کی بات کرتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا اگر جلدی الیکشن نہ کرائے گئے تو ملک ہاتھ سے نکل جائے گا، ہم اپنی 2 حکومتوں میں الیکشن کروانے کو تیار ہیں۔

سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا 66 فیصد پاکستان میں ہماری حکومت ہے، خوف ہے جلدی الیکشن نہ ہوئے تو ملکی صورتحال ہاتھ سے نکل جائے گی، اگر ملک میں انصاف قائم نہیں ہوگا تو تباہی کی طرف جائیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہماری جو حکومت گرائی گئی اس میں معیشت اوپر جارہی تھی، مارشل لا کے زمانے کے علاوہ کسی اور حکومت میں ترقی نہیں ہوئی۔

پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا مارشل لا میں امریکہ کے ڈالر آتے تھے ہم ان کی جنگ میں شامل ہوتے تھے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا ہمارا قصور یہ تھا کہ ہم نے چوروں کو قبول نہیں کیا۔ ایک آدمی فیصلہ کربیٹھا تھا پی ٹی آئی اور مجھے ختم کرنا ہے۔

تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا عوام نے پیغام دیا امپورٹڈ اور چوروں کی حکومت قبول نہیں، مجھے نااہل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ان کی دھاندلی کے باوجود ہم جیت رہے تھے ، کیسز سے کچھ نہیں ہورہا تھا۔

دہشتگردی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ آج ملک میں دہشت گردی بڑھتی جارہی ہے، میں پوچھنا چاہتا ہوں اس وقت ہماری خارجہ پالیسی کہاں ہے، ہمارے وزیر خارجہ اب تک پونے2 ارب خرچ کر چکے ہیں۔

وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چوری بچانے کا ان کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے، انہوں نے وائٹ کالر کرائم کو لائیسنس دے دیا ہے۔

متعلقہ تحاریر