پی ایس ایل 8 کا کوالیفائر: سلطانز نے قلندرز کو دھول چٹاکر فائنل میں جگہ بنالی

ملتان سلطانز  کے 161رنز کے ہدف کے تعاقب میں  لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 76 رنز پر ڈھیر ہوگئی، شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر کیرن پولارڈ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

پی ایس ایل 8  کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز  نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کوچاروں خانے چت کردیا اور 84 رنز سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنانے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ 

ملتان سلطانز  کے 161رنز کے ہدف کے تعاقب میں  لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 76 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیے

سٹے باز کمپنی نے پی ایس ایل کے بعد ٹک ٹاکرز تک رسائی حاصل کرلی

چیئرمین پی سی بی کا نگراں وزیر اعلیٰ سے پی ایس ایل فائنل کی سیکیورٹی سخت کرنے کا مطالبہ

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے محمد رضوان اور عثمان خان نے اننگز کا آغاز کیا مگر لاہور قلندرز کے بولرز  کی نپی تلی بولنگ کے آگے قلندرز بے بس نظر آئے۔

ملتان کو 53 رنز  پر نقصان اٹھانا پڑا  جب پی ایس ایل  میں  تیز ترین سنچری  جڑنے والے عثمان خان  28 گیندوں پر 29 رنز بنا کر حارث  رؤف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

رائیلی روسو بھی 13 رنز ہی بناسکے  جبکہ محمد رضوان بھی 29 گیندوں پر 33 رنز بنانے کے بعد   راشد خان کی گیند پر بولڈ ہو گئےتاہم وہ پی ایس ایل8 میں   500 رنز کا سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔کیرون پولارڈ نے 34 گیندوں پر 6 چھکوں کی مدد سے 57 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ٹم ڈیوڈ 22 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ملتان سلطانز نے مقرررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160رنز بنائے۔

لاہور کی جانب سے حارث رؤف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ زمان خان اور راشد خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی، کپتان شاہین شاہ آفریدی 4 اوورز میں 47 رنز دیکر وکٹ سے محروم رہے۔

161رنز کے ہدف کے تعاقب میں  لاہور قلندرز کی جانب سے بھی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اوراوپنر آغا طاہر 15 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، ایک گیند بعد عبداللہ شفیق بھی کوٹریل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے جبکہ 19 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان بھی انور علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے ۔

شاہین شاہ آفریدی بھی 28 رنز پر کوٹریل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ 41 رنز پر حسین طلعت رن آؤٹ ہو گئے اور اس طرح قلندرز کی آدھی ٹیم دسویں اوور میں پویلین لوٹ گئی۔

سکندر رضا کو کیرون پولارڈ نے عباس آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا جبکہ سیم بلنگز 27 گیندوں پر 19 رنز کی اننگز کھیل کر احسان اللہ کا شکار بنے، راشد خان بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

ڈیوڈ ویسا بھی صرف 12 رنز بنا سکے جبکہ حارث رؤف نے 15 رنز اسکور کیے، لاہور قلندرز کی جانب سے سیم بلنگز 19 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ ملتان سلطانز کی جانب سے شیلڈون کوٹریل نے 3، اسامہ میر نے 2 جبکہ انور علی، عباس آفریدی، احسان اللہ اور کیرون پولارڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ملتان سلطانز نے پی ایس ایل 8 کا کوالیفائر میچ جیتنے کے بعد فائنل میں رسائی حاصل کرلی جبکہ  آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ایلیمنیٹر کی فاتح ٹیم کیخلاف جمعے کو   دوسرا ایلیمنیٹر کھیلے گی اور اس میچ کی فاتح ٹیم اتوار کو فائنل میں ملتان سلطانز کا مقابلہ کرے گی۔

متعلقہ تحاریر