بھارتی ریسلنگ فیڈریشن کے صدر کیخلاف جنسی ہراسانی کا مقدمہ درج

نئی دہلی پولیس نے برج بھوشن شرن سنگھ کو حراست میں لے لیا جس کی تصاویر سوشل میڈیا  پر وائرل ہیں۔

نئی دہلی: ہندوستان کی چوٹی کی خواتین ریسلرز کی جانب سے اپنے ساتھ جنسی زیادتی اور ہراسگی کے الزامات کے بعد انڈین پولیس نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے چیف کے خلاف ہراسگی اور جنسی زیادتی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

جمعرات کے روز ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ، جو ہندوستان کی دائیں بازو کی حکمران جماعت کے ایک سینئر قانون ساز بھی ہیں، پر جنسی زیادتی اور ہراسانی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

برج بھوشن شرن سنگھ نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سارے الزامات ان کی ساکھ نقصان پہنچانے اور انہیں پارلیمنٹ سے باہر کرنے کی سازش ہے۔

یہ بھی پڑھیے 

بھارتی ہٹ دھرمی کے باجود ایشیاء کپ کا شیڈول جاری؛ 4 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے

محمد بن سلمان نے سعودی کرکٹ ٹیم کے قیام کیلیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے رجوع کرلیا

شمالی ہندوستان کے پارلیمنٹیرین کی جانب سے زبردست احتجاج کے بعد برج بھوشن شرن سنگھ کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے ریسلنگ فیڈریشن کے صدر کو حراست میں لینے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔

واضح رہے کہ جنوری میں اولمپیئنز اور کامن ویلتھ گیمز کی چیمپیئن سمیت سرکردہ ہندوستانی خواتین پہلوانوں نے اپنے ساتھ جنسی ہراسانی اور ڈرانے دھمکانے کے الزامات کے بعد برج بھوشن سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر احتجاج کیا تھا۔

یاد رہے کہ برج بھوشن شرن سنگھ پر 1992 میں بابری مسجد کو منہدم کرنے والے ہجوم کا حصہ ہونے کا بھی الزام عائد کیا گیا تھا۔

نئی دہلی میں ہونے والے ایک مظاہرے کے دوران دو بار کی عالمی چیمپیئن میڈلسٹ وینیش پھوگاٹ نے الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ "خواتین ریسلرز کو "قومی کیمپوں میں کوچز اور ڈبلیو ایف آئی کے صدر کے ذریعے جنسی طور پر ہراساں کیا گیا”۔

اپنی پولیس کو درج کرائی گئی شکایت میں سات خواتین ریسلرز نے 66 سالہ برج بھوشن شرن سنگھ پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے متعدد مواقع پر ان سے چھیڑ چھاڑ کی اور جنسی خواہشات کا مطالبہ کرتے رہے۔

جمعرات کے روز نئی دہلی پولیس نے برج بھوشن شرن سنگھ پر جنسی زیادتی اور ہراسانی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اگر الزامات سچ ثابت ہو جاتے ہیں تو برج بھوشن شرن سنگھ کو پانچ سال تک قید ہو سکتی ہے۔ تاہم نئی دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ ایک نابالغ ریسلر نے اپنا الزام واپس لے لیا ہے۔

متعلقہ تحاریر