ایک زرداری سب پہ بھاری، نجم سیٹھی چیئرمین پی سی بی کی دوڑ سے دستبردار

شہباز شریف اور آصف زرداری کے درمیان تنازع کا سبب نہیں بننا چاہتا، اس طرح کا عدم استحکام پی سی بی کے لیے بھی ٹھیک نہیں ہے، موجودہ صورتحال میں اب میں چیئرمین شپ کا امیدوار نہیں ہوں، نجم سیٹھی کا ٹوئٹ: ذکااشرف کے چیئرمین پی سی بی بننے کی راہ ہموار

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی عبوری منیجنگ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے حکمراں اتحاد کے درمیان پڑنے والی دراڑیں ختم کرانے کیلیے قربانی دے دی۔

نجم سیٹھی چیئرمین  پی سی بی کی دوڑ سے دستبردار ہوگئے۔ سابق صدر آصف زرداری کے قریبی دوست ذکا اشرف کے دوبارہ چیئرمین پی سی بی بننے کی راہ ہموار ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیے

وزیراعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی کے لیے نامزد کردیا

نجم سیٹھی  کا آئی سی سی کو احمد آباد میں ورلڈکپ میچز کھیلنے سے صاف انکار

پی سی بی کی عبوری منیجنگ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی  نےاپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ”میں شہباز شریف اور آصف زرداری کے درمیان تنازع کا سبب نہیں بننا چاہتا، اس طرح کا عدم استحکام پی سی بی کے لیے بھی ٹھیک نہیں ہے، موجودہ صورتحال میں اب میں چیئرمین شپ کا امیدوار نہیں ہوں، تمام شراکت داروں کیلیے نیک تمنائیں“۔

واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملے پر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان گزشتہ کئی روز سے تنازع چلا آ رہا تھا۔مسلم لیگ ن نجم سیٹھی کو اس عہدے کیلیے موزوں امیدوار سمجھتی تھی اور انہیں اس عہدے پر برقرار رکھنا چاہتی تھی جبکہ پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی کے عہدے  پر ذکا اشرف کا حق ہے، حکومت اگر نجم سیٹھی کو رکھنا چاہتی ہے تو انہیں کہیں اور لگا دیا جائے۔

اب نجم سیٹھی کی جانب سے چیئرمین پی سی بی کے عہدے کی دوڑ سے دستبرداری کے بعد  ذکا اشرف کیلیے راہیں ہموار ہوگئی ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف چیئرمین پی سی بی کے لیے جلد دو نام گورننگ بورڈ میں نامزد کریں گے۔

متعلقہ تحاریر