ٹوکیو پیرا لمپکس میں حیدر علی نے پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیت لیا

ڈسکس تھرو کے مقابلوں میں حیدر علی نے 55.26 میٹر کی تھرو کی۔

ٹوکیو میں جاری پیرا لمپکس میں پاکستان نے تاریخ میں پہلی مرتبہ گولڈ میڈل حاصل کرلیا ہے۔ ڈسکس تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے حیدرعلی نے 55.26 میٹر تک تھرو کرکے پاکستان کو کامیابی دلوائی۔

جاپان کے شہر ٹوکیو میں کھیلوں کے عالمی میلے اولمپکس کے بعد پیرا لمپکس کے مقابلے جاری ہیں جس میں دنیا بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

پیرالمپکس میں ڈسکس تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے حیدر علی نے تیسرے راؤنڈ میں 47.84 میٹر کی تھرو کی جبکہ پانچویں راؤنڈ میں انہوں نے 55.26 میٹر کی تھرو کرکے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

یہ بھی پڑھیے

جیولن تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم نے اپنے سپورٹر کا نام ظاہر کردیا

حیدرعلی پیرا لمپکس میں گولڈ میڈل جیتے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔ اس سے قبل حیدر علی پیرالمپکس میں چاندی اور کانسی کے تمغے جیت چکے ہیں۔

گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے حیدر علی پیدائشی طور پر دائیں ٹانگ سے معذور ہیں۔ اپنی کامیابی پر حیدر علی نے کہا کہ وہ کبھی بھی اپنی معذوری سے مایوس نہیں ہوئے، انہیں دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے پر فخر ہے۔

واضح رہے کہ حیدر علی ملائیشیا، بیجنگ، انڈونیشیا سمیت دیگر ممالک میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں جہاں انہوں نے کئی اعزاز اپنے نام کیے۔ پیرا لمپکس میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے پر انہیں خوب سراہا جارہا ہے۔

متعلقہ تحاریر