کشمیر پریمیئر لیگ کی ویرات کوہلی کو لیگ کھیلنے کی دعوت

ویرات کوہلی کو لیگ کا حصّہ بننے کے لیے باضابطہ دعوت نامہ بھیج رہے ہیں ، اب یہ ان پر منحصر ہے کہ بطور کھلاڑی شریک  ہونا ہے یا بطور مہمان خصوصی، صدر عارف ملک

کشمیر پریمیئر لیگ کے صدر عارف ملک نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کو کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل)  میں کھیلنے کی دعوت دیدی۔

کشمیر پریمیئر لیگ سیزن2 کا آغاز رواں سال یکم اگست سے ہوگا اور فائنل 14اگست کو یومِ آزادی کے موقع پر کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

حکومت کا 2 ارب روپے منافع کما کے دینے والے چیئرمین پی سی بی کو گھر بھیجنے کا فیصلہ

جاوید آفریدی کی مالی بحران میں گھرے لنکن کرکٹ بورڈ کو بڑی پیشکش

کے پی ایل کے صدر عارف ملک نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ کے پی ایل کے ساتھ شائقین کرکٹ کو ایک فینٹسی لیگ بھی دیکھنے کو ملے گی جس میں مظفرآباداور سری نگر کی ٹیمیں ایک دوسرے کے ساتھ کھیلتی نظر آئیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم دونوں اطراف کے لوگوں کو ساتھ لانا چاہتے ہیں تاکہ ہم امن کا پیغام دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ کے پی ایل دنیا کو امن کا پیغام دے رہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بھارتی کرکٹرز بھی لیگ کا حصّہ بنیں اور کرکٹ کے ذریعے دونوں طرف سے کشیدگی کو کم کریں۔

عارف ملک نے بتایا کہ ویرات کوہلی کو لیگ کا حصّہ بننے کے لیے باضابطہ دعوت نامہ بھیج رہے ہیں ، اب یہ ان پر منحصر ہے کہ بطور  کھلاڑی ایونٹ میں شریک  ہونا ہے یا بطور مہمان خصوصی، اس بات کا فیصلہ صرف اور صرف بھارتی کرکٹر پر منحصر ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ لیگ کا بنیادی مقصد کرکٹ کو فروغ دینا اور اس خطے کے کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے،کے پی ایل کی تیاریاں زوروں پر ہیں اور پہلے سیزن کی طرح دوسرا سیزن بھی مظفرآباد اسٹیڈیم میں ہوگا۔انہوں نے اپنی بات کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ کی اس سال سب سے زیادہ اہمیت یہ ہے کہ پاکستان اس سال اپنی آزادی کے 75 سال مکمل ہونے کا جشن منائے گا۔

متعلقہ تحاریر