برازیلین فٹبالر ڈینی الویز ہسپانوی خاتون پر جنسی حملے کے الزام میں جیل منتقل
الویز کو بارسلونا کے پولیس اسٹیشن میں طلب کیے جانے کے بعد حراست میں لے کر اسپین کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، خاتون نے الویز پر 30 دسمبر کی رات نائٹ کلب میں شرمگاہ کو بغیر اجازت چھونے کا الزام عائد کیا تھا، اسٹار فٹبالر نے الزام کو مسترد کردیا
اسپین کی ایک عدالت نے برازیلین فٹبالر ڈینی الویز کو جنسی حملے کے الزام میں گرفتار کرنے کے بعد ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
عدالت نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ بارسلونا کے ایک جج نے یہ قدم 39 سالہ کھلاڑی کے ساتھ ایک نائٹ کلب میں مبینہ طور پر پیش آئے واقعے کے حوالے سے پوچھ گچھ کے بعد اٹھایا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
سعودیہ میں دوعظیم فٹبالرز کا پہلی اور آخری بار آمنا سامنا، میسی نے رونالڈو کو ہرادیا
رونالڈو اور میسی کامقابلہ دیکھنے کیلئے سعودی شہری نے 10ملین ریال کا ٹکٹ خرید لیا
اس سے قبل بارسلونا کے پولیس اسٹیشن میں طلب کیے جانے کے بعد الویز کو حراست میں لے کر جج کے سامنے پیش کیا گیا تھا. اسپین میں جنسی حملےکے الزام کا مطلب غیر مطلوب اور ناپسندیدہ جنسی تعلق سے لے کر عصمت دری تک کچھ بھی ہو سکتا ہے۔
مبینہ طور پر متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ برازیلین فٹبالر اور بارسلونا کے سابق اسٹار نے 30 دسمبر کو بارسلونا کے ایک نائٹ کلب میں اس کی اجازت کے بغیر اسکی شرمگاہ کو چھوا تھا۔
اس خاتون نے اپنے دوستوں کے ساتھ نائٹ کلب کے سکیورٹی اسٹاف کو واقعہ کی اطلاع دی، جس نے پولیس کو آگاہ کیا۔اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور خاتون سے بیان لیا۔ اس نے 2 جنوری کو جنسی زیادتی کی سرکاری شکایت درج کروائی۔
الویز نے اس مہینے کے شروع میں ایک انٹرویو میں اینٹینا 3 کو بتایا تھا کہ وہ دوسرے لوگوں کے ساتھ کلب میں تھے لیکن انہوں نے اس طرح کے کسی رویے سے انکار کیا۔
انہوں نے کہا، ’’میں کسی کی جگہ پر حملہ کیے بغیر ڈانس کر رہا تھا اور اچھا وقت گزار رہا تھا،میں نہیں جانتا کہ یہ عورت کون ہے،میں ایک عورت کے ساتھ ایسا کیسے کر سکتا ہوں؟ نہیں“۔
الویز عالمی فٹ بال کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے بارسلونا، یووینٹس اور پیرس سینٹ جرمین سمیت کئی ایلیٹ کلبوں کو بڑے ٹائٹل جتوائے ہیں ۔