گندم کی ریکارڈ پیداوار کے باوجود مہنگا آٹا حکومتی نااہلی کا ثبوت

کراچی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1500 روپے میں دستیاب ہے جبکہ لاہور یہی تھیلا 1100 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

رواں سال 2 کروڑ 72 لاکھ ٹن گندم کی شاندار پیداوار ہونے کے باوجود وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں عوام کو سستا آٹا اور سستی روٹی مہیا کرنے میں ناکام ہو گئی ہیں۔

ملک بھر میں آٹے کے دام، عوام کو کیوں رلانے لگے ہیں؟ کیا عوام کو روٹی کے لالے پڑ گئے ہیں؟ سندھ میں خصوصی طور پر کراچی میں آٹے کی قیمت کے حوالے سب سے برا حال ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پاک عرب اور فوجی فرٹیلائزر بن قاسم کے لیے خوش خبری

کے پی کے کا سب سے بڑا صنعتی مرکز گیس فراہمی سے محروم، پیداوار معطل

ملک میں آٹے کی قیمتوں میں سندھ نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا- کراچی کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

کراچی میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1500 روپے تک پہنچ گیا ہے۔  پاکستان شماریات بیورو کے تازہ ترین جاری ہونے والے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ  پنجاب میں آٹا ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ سستا ہے-

پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 1100 روپے تک ہے۔ پاکستان شماریات بیورو کے اعداد و شمار کے مطابق  ملک بھر کے بڑے شہروں میں ویسے تو آٹا دیہی علاقوں کی نسبت مہنگا ہے، لیکن خاص طور پر کراچی  میں آٹے کا تھیلا پنجاب کے بڑے شہروں سے 400 روپے تک مہنگا ہے-

حیدر آباد میں آٹے کا تھیلا  1460 روپے، سکھر میں  1340روپے ، لاڑکانہ میں آٹے کا تھیلا 1320 روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے-

اعدادوشمار کے مطابق خضدار میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 1400 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ کوئٹہ میں آٹے کا تھیلا 1380 روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے-

بنوں 1280 ، پشاور ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں آٹے کا تھیلا 1100 روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے- پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں آٹے کا تھیلا 1100 روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے۔ عوام پریشان ہیں کہ گندم کی اتنی بڑی پیداوار کے باوجود حکومت انہیں سستا آٹا اور سستی روٹی مہیا کرنے میں بری طرح ناکام ہے۔

متعلقہ تحاریر