ماسک کیوں نہیں پہنا؟ برطانوی شہری اپنے وزیراعظم پر برہم

سوشل میڈیا پر وزیراعظم جانسن کو تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے گو کہ چند تصاویر میں انہیں ماسک پہنے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

ماحولیات کی عالمی کانفرنس کاپ 26 سمٹ میں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی ماسک پہنے بغیر تصویر وائرل ہورہی ہے۔

سوشل میڈیا پر وزیراعظم جانسن کو تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے گو کہ چند تصاویر میں انہیں ماسک پہنے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

دنیا کے 10 فیصد ممالک ماحولیاتی تبدیلیوں کے ذمہ دار ہیں، وزیراعظم

ماحولیاتی مسائل کے محاذ پر پاکستان نمبر ون، ورلڈ بینک

گلاسگو میں منعقدہ عالمی وفود کی یہ میٹنگ کورونا وائرس کی وجہ سے ایک برس تاخیر کے ساتھ شروع ہوئی ہے۔

لیکن کورونا وائرس اب تک ختم نہیں ہوا، پچھلے مہینے تک یو کے میں روزانہ 40 سے 50 ہزار کیسز رپورٹ ہو رہے تھے۔

اسکاٹ لینڈ کی وزیر نکولا اسٹرجن نے کہا کہ گلاسگو ماحولیات کانفرنس میں دنیا بھر سے وفد شرکت کریں گے اور عمارت کے اندر بڑی تعداد میں موجود ہوں گے، اس سے کورونا وائرس کی منتقلی کا خدشہ ہے۔

کاپ 26 میں شرکت کے لیے شرکا کو روانگی سے قبل ایک کورونا ٹیسٹ کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے اور ویکسین لگوانے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

سمٹ میں شرکت کے لیے سفری آسانی کے طور پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، شرکا نے اگر برطانیہ آمد سے قبل دس روز کسی ریڈ لسٹ ملک میں گزارے ہیں تو ان کے قرنطینے کا دورانیہ 10 کے بجائے 5 دن کر دیا گیا ہے۔

لیکن ویکسین نہ لگوانے والے مہمانوں کو معمول کے مطابق 10 روز تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔

سرکاری شرکا کے لیے مختص بلیو زون میں سب کو اجلاس کے علاوہ ماسک پہننا ہوگا، طبی وجوہات کی بنا پر ماسک اتارا جا سکتا ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرنے والے تقریر کے دوران ماسک اتار سکتے ہیں لیکن سامعین کے لیے ماسک پہننا ضروری ہے۔

بلیو زون میں موجود مہمانوں کو روزانہ کورونا وائرس ٹیسٹ کروانا ہوں گے، داخلہ پوائنٹس پر کورونا منفی کی رپورٹ دکھانا ہوگی اور ایک دوسرے سے 1 میٹر کا فاصلہ رکھنا ہوگا۔

تمام وفود کو حفظانِ صحت کی کٹس فراہم کی جائیں گی جس میں دوبارہ قابل استعمال ماسک، سینیٹائزر اور جراثیم کش وائپس ہوں گے۔

عام افراد کے لیے مخصوص کیے گئے گرین زون میں داخلے کے لیے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ اور ماسک پہننا ضروری ہے۔

متعلقہ تحاریر