انڈس ٹورازم کلب کا بڑا اقدام ، سہون میں قدرتی چشموں کی صفائی شروع

صدر ٹورازم کا کہنا ہے صفائی مہم کا مقصد چشموں کی تزین و آرائش ہے تاکہ سیاحت کو فروغ حاصل ہوسکے۔

صوبہ سندھ کے تاریخی شہر سہون کے سیاحتی مقام لکی شاہ صدر میں موجود گندھک کے چشموں کی پہلی بار صفائی کی گئی ہے۔

انڈس ٹورازم کلب کی جانب سے منعقدہ ایک روزہ صفائی مہم میں مقامی لوگوں اور طلبہ نے بھرپور حصہ لیا، دو کلو میٹر تک پھیلے ہوئے علاقے میں سے آدھے علاقے کو کچرے سے صاف کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

غیرقانونی تعمیرات کے خلاف سندھ حکومت کا ایکشن سے انکار، نیا آرڈیننس تیار

کام میں رکاوٹیں، قانون نافذ کرنیوالے ادارے مدد کریں، سیکرٹری ویسٹ مینجمنٹ

گرم پانی والے گندھک کے چشموں سے پرانے کپڑے، خالی بوتلیں، پلاسٹک بیگز اور دیگر بکھری ہوئی اشیاء کو اکٹھا کر کے دور لےجایا گیا۔

رضاکاروں کی جانب سے پندرہ منٹ کچرہ صاف کرنے سے چشمے کے پانی کی روانی میں بہتری آ گئی۔

اس موقع پر انڈس ٹورازم کلب کے صدر مجاہد حسین سید، جنرل سیکریٹری الیاس عباسی، زہرہ شالوانی، ساجد راز اور دیگر کا کہنا تھا کہ صفائی مہم کا مقصد اس تاریخی اور تفریحی مقام کی تزین و آرائش کرنامقصود ہے، جبکہ صفائی کرنے سے مقامی لوگوں میں اس بات کا احساس بھی اجاگر کرنا ہے کہ اپنے علاقوں کی خوبصورتی کے لیئے مل جل کر کام کرنا ضروری ہے۔

مجاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ لکی شاہ صدر ایک مکمل سیاحتی مقام ہے لیکن جامع انداز میں پبلسٹی نہ ہونے کے باعث لوگوں کو اس خوبصورت پہاڑی تفریح گاہ کا علم نہیں، جبکہ گندگی کی وجہ سے لوگوں کی توجہ بھی مبذول نہیں ہو رہی، اس نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لکی شاہ صدر کو ٹورازم پوائنٹ بنانے کے لیئے اقدامات کرے۔ صفائی مہم کے بعد طلبہ اور شرکاء کو تہنیتی اسناد بھی دی گئی۔

متعلقہ تحاریر